ویب ڈیسک: اداکارہ ثنا جاوید نے خاموشی توڑ دی ،معروف شخصیات کی جانب سے منفی رویے کے حوالے سے لگائے جانے والے الزامات پر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے ثنا جاوید کے خلاف شوبز انڈسٹری کے متعدد افراد کی جانب سے بدتمیزی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، لیکن اب تک ثنا واقعات کے انکشاف کے دوران خاموش رہیں.
لیکن اب اُن کا صبر جواب دے گیا۔جس پر انہوں نے خاموشی توڑ دی۔ اداکارہ نے ان الزامات کو لیگل نوٹس کے ساتھ حل کرنے کا فیصلہ کیا اور مداحوں کو اس کی اطلاع انسٹاگرام پر دی۔تفصیلی انسٹاگرام پوسٹ میں ایک قانونی دستاویز کی تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں جو پورے معاملے کے حوالے سے تفصیلات کی مزید وضاحت کرتی ہے۔
View this post on Instagram
اپنی پوسٹ میں اداکارہ نے کہا کہ پچھلے 72 گھنٹوں میں مجھے ہر طرح کے جھوٹ اور من گھڑت کہانیوں، نفرت انگیز تقریر اور دھمکیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اداکارہ نے کہا کہ ایک گروپ کی جانب سے میرے خلاف ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت ایک مہم شروع کی گئی، جس سے ناصرف مجھے بلکہ میرے خاندان کو شدید صدمہ پہنچا ہے، میں حیران ہوں کہ لوگ کتنے کم عقل ہو سکتے ہیں اور ہر کوئی تمام حقائق کو جانے بغیر کتنی تیزی سے ان کی باتوں میں آ بھی جاتا ہے۔