ویب ڈیسک :اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے تمام کارکنوں کو شخصی ضمانت اور ضمانتی مچلکوں پر رہا کردیا گیا۔
رہائی کے بعد جے یو آئی کے تمام کارکن اور دونوں رکن قومی اسمبلی تھانہ آبپارہ سے روانہ ہوگئے۔جبکہ دوسری جانب اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج کے باعث پارلیمنٹ جانے والے راستے خاردار تاریں اور بیریئر لگا کر سیل کردیے گئے ہیں.اس کے علاوہ ڈی چوک اور نادرا چوک سے پارلیمنٹ کے انٹری پوائنٹ کو بھی سیل کردیا گیا۔
جے یو آئی ف کے ترجمان اسلم غوری نے بھی سوشل میڈیا پر تمام پارٹی کارکنان کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے پی ڈی ایم اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔انکا کہنا تھا کہ مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رات گئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج صبح تک کارکنوں کو احتجاج روکنے کی ہدایت کی تھی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے جے یو آئی ف کی رضاکار تنظیم انصار الاسلام کے کارکنوں کی موجودگی میں پارلیمنٹ لاجز میں جے یو آئی رکن اسمبلی صلاح الدین ایوبی کے گھر کے دروازے توڑ کر آپریشن کیا تھا۔ڈی آئی جی آپریشنز کی کمانڈ میں ہونے والے آپریشن میں ممبران قومی اسمبلی اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی دیکھنے میں آئی۔