حافظ شہباز علی: پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز جون میں کراچی میں کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا، زندہ دلان لاہوریئے ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل کی میزبانی سے محروم ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز جون کے پہلے ہفتے میں کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ زندہ دلان لاہور ایک مرتبہ پھر غیر ملکی سٹارزکو اپنے شہر میں کھیلتا دیکھنے سے محروم رہیں گے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی زیر صدارت ورچوئل اجلاس میں لیگ کے بقیہ میچز جون میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ حکام، مالکان اور سپانسرز کے اتفاق رائے کے بعد طے پایا گیا 13 مئی سے 26 جون کے درمیان خالی ونڈو میں بقیہ میچز کروائے جائیں گے۔
قومی ٹیم 13 مئی کو دورہ زمبابوےسے واپس پہنچے گی جبکہ 26 جون کو قومی ٹیم کی انگلینڈ روانگی شیڈول ہے۔ 13 مئی سے 26 جون کے درمیانی وقفے میں جون کے آغاز میں تمام میچز کروائے جائیں گے۔
فرنچائز کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد بورڈ حکام لاجسٹک انتظامات کریں گے، لاجسٹک انتظامات کے بعد بورڈ حکام دوبارہ فرنچائز کے ساتھ معاملے پر بات کریں گے۔
واضح رہے کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ 6 کو ملتوی کرنا پڑا جبکہ کچھ کھلاڑیوں میں بھی اس وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، صورت حال کو مدنظر رکھتے پی سی بی نے باہمی مشاورت سے اس کو ملتوی کرنے پر اتفاق کیاتھا جس کے بعد اس کوروکنا پڑا۔ پی سی بی نے پی ایس ایل سکس ملتوی ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے خود مختار انکوائری کمیشن بنانے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔