سٹی42 :آسٹرازینیکا ویکسین کی خوراک لگوانے کے بعد شہریوں میں بلڈ کلوٹس کی شکایات ،یورپی ملک ڈنمارک میں آسٹرازینیکا ویکسین کا استعمال عارضی طور پر روک دیا گیا۔ ڈینِش وزارت صحت نے احتیاطی عمل کے طو ر پر ویکسین کا استعمال روکا۔
تفصیلات کے مطابق یورپی ملک ڈنمارک میں آسٹرازینیکا ویکسین کی خوراک لگوانے کے بعد شہریوں میں بلڈ کلوٹس کی شکایات سامنے آئی ہیں جس کے بعد ڈینِش وزارت صحت کی جانب سے احتیاطی عمل کے طو ر پر ویکسین کا استعمال روکا گیا ہے۔ ڈینِش حکامِ صحت نے بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ ویکسین اور بلڈ کلوٹس کے درمیان کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
واضح رہے کہ مہلک وائرس کورونا کیخلاف 6 سے زائد ویکسین آچکی ہیں اور ترقی یافتہ ممالک میں ویکسی نیشن کا آغاز بھی ہوگیا ہے تاہم بے حد ضروری ہے کہ ویکسین کے سائیڈ ایفکٹس سے متعلق بھی معلومات حاصل کرلی جائیں۔
وبائی امراض کے عالمی شہرت یافتہ امریکی ڈاکٹر انتھونی فاﺅچی نے گزشتہ دنوں خبردار کیا تھا کہ ہر ویکسین کی طرح کورونا ویکسین کے بھی کچھ معمولی مضر اثرات ہوسکتے ہیں جنہیں نظر انداز کردینا چاہئے ۔عام مضر اثرات دو سے تین روز میں خود ختم ہوجاتے ہیں۔ ان میں جوڑوں میں درد، پٹھوں میں کھینچاﺅ، سر درد، تھکاوٹ اور بخار شامل ہیں تاہم ایک علامت ایسی بھی ہے جسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر فاﺅچی کے مطابق وہ خطرناک مضر اثر یا علامت جلد پر خارش یا سوزش ہے کیونکہ یہ علامت عمومی طور پر کسی بھی ویکسین کے لگنے کے بعد ظاہر نہیں ہوتیں۔
ماہر وبائی امراض فاﺅچی کا کہنا ہے کہ جلد پر ان علامات کا مطلب ویکسین میں شامل اجزا سے الرجی ہونا ہوسکتا ہے جو کہ ایک طبی ایمرجنسی ہے اور فوری طور پر متاثر ہونے والے کو اسپتال لے جانا چاہئے۔