جنوبی پنجاب صوبہ،پی ٹی آئی کا بل لانے کا اعلان،صوبائی سیکرٹریٹ کا فیصلہ ہوگیا

11 Mar, 2020 | 03:30 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42: تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کیلئے قومی اسمبلی میں جلد بل لانے کا اعلان کردیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صوبہ جنوبی پنجاب سے متعلق جلد قومی اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا، وزیراعظم کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا ہے جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کے لیے انتظامی سیکریٹریٹ بہاولپور میں بنایا جائے گا۔

 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پارلیمنٹ میں کسی جماعت کے پاس دوتہائی اکثریت نہیں ہے، توقع کرتے ہیں کہ جب یہ بل آئے گا تو پیپلزپارٹی اس کی حمایت کرے گی، مسلم لیگ ن کے شہباز شریف کی جانب سے جنوبی پنجاب صوبے کی بات کی گئی تھی، اسمبلی میں موجود ن لیگی ارکان سےبھی توقع کرتےہیں کہ وہ اپنی قیادت کو بل کی حمایت پرقائل کریں گے۔مسلم لیگ ن کےسینیٹ اور قومی اسمبلی ممبران کو اپنی قیادت کو راضی کر کے اس بل کی حمایت کرنی چاہیے، جنوبی پنجاب کا دارالخلافہ کہاں بنتا ہے اس کا فیصلہ عوام اور حکومتی مشاورت سے ہو گا، جنوبی پنجاب کی عوام کو مبارکباد پیش کرتاہوں ان کی قربانیوں کی وجہ سےصوبےکوحتمی شکل دی جارہی ہے۔


انہوں  نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا وعدہ پورا کرنے کے لیے مؤثر قدم اٹھایا گیا ہے، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ بنانے کا فیصلہ ہوا ہے، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے لیے آج ایک حتمی شکل دی گئی ہے جس کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی پی او ساؤتھ بھی تعینات کیے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب کے لیے اپریل میں ایک ایڈیشنل چیف سیکریٹری اورایڈیشنل آئی جی تعینات ہوگا، دونوں میں سے ایک افسر بہاولپور اور دوسرا ملتان میں موجود ہوگا، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے لیے ساڑھے 3ارب روپے درکار ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے لیے ایک آئی جی بھی ہوگا، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے لیے 1350 پوسٹیں بنیں گی۔ وزیراعظم نے جمعرات کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا ہے، اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب صوبہ بنےگا تو اس کواین ایف سی، وفاق اور سینیٹ میں بھی اپنا حصہ ملے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے لیے فنڈز کا وعدہ کر کے پورا نہیں کیا جاتا تھا، اب فنڈز کے تحفظ کے لیے طریقہ کار بنا دیا گیا ہے تا کہ فنڈز فوری طور پر دیے جا سکیں۔ جنوبی پنجاب کا مکمل سیکریٹریٹ بنانے میں وقت لگے گا ، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے لیے خزانے کا تعین کیا جا چکا ہے جس کے مطابق پنجاب کےبجٹ میں 35 فیصد فنڈ جنوبی پنجاب کے لیے مختص کیاجائےگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم نے برملا کہا کہ ڈیٹا کا مطالعہ کیا ہےجنوبی پنجاب میں غربت کی شرح زیادہ ہے، غربت کے خاتمے کے لیے احساس اسکیم بھی جنوبی پنجاب لےجائی جائے گی۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا جنوبی پنجاب کے حوالے سے مشاورت کی گئی، وزیراعظم کا جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ درد اور احساس کا رشتہ ہے، جنوبی پنجاب کے تمام اسٹیک ہولڈرز ،صوبائی اور قومی اسمبلی ممبران نے اجلاس مین شرکت کیہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے عملی پیش رفت پر بات چیت ہوئی ہے، حکومت اور وزیر اعظم کا جنوبی پنجاب کی عوام سے درد کا رشتہ ہے۔

مزیدخبریں