کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آج ملتان سلطانز کا چیلنج درپیش

11 Mar, 2020 | 10:21 AM

Sughra Afzal

نشتر پارک(حافظ شہباز علی ) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آج ملتان سلطانز کا چیلنج درپیش ہوگا، فائنل فور تک رسائی کی امیدیں باقی رکھنے کیلئے فتح سے کم کچھ درکار نہیں ہوگا، بیٹنگ لائن اعتماد کے بحالی کیلئے فکرمند ہوگی، شان مسعود الیون جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کا عزم لئے میدان میں اترے گی۔

 تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 5 کا 25 واں میچ آج شام 7 بجے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، شکستوں کے گرداب میں پھنسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنی بقا کی جنگ لڑنا ہے، سرفراز احمد کی قیادت میں ٹیم نے ابھی تک 8 میچز کھیلے، صرف  3جیتے اور 5 ہارے ہیں، 6 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد فائنل فور مرحلے تک رسائی کی موہوم سی امید باقی رکھنے کیلئے اگلے دونوں مقابلوں میں فتح ضروری ہے۔

لاہور قلندرز کیخلاف گزشتہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 100 کا مجموعہ بھی حاصل نہیں کرپائے تھے، شین واٹسن اور جیسن روئے کی کارکردگی میں تسلسل نہیں، احمد شہزاد مسلسل ناکام ہیں، 2 اننگز کے بعد جارح مزاج بیٹسمین اعظم خان کا بیٹ بھی خاموش ہے، آل راﺅنڈرز محمد نواز اور بین کٹنگ کی پرفارمنس بھی اہمیت کی حامل ہوگی، نسیم شاہ کی خدمات سے محرومی کے بعد پیسرز سہیل خان اور محمد حسنین کو سخت محنت کرنا ہوگی،فواد احمد اور زاہد محمود کی سپن باﺅلنگ حریف کیلئے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔

دوسری جانب ملتان سلطانز نے 7 میچز میں 5 فتوحات، ایک شکست اور ایک بے نتیجہ مقابلے کی مدد سے 11 پوائنٹس جوڑ کے فائنل فور مرحلے میں جگہ پکی کرلی ہے، اوپنرز جیمز ونس اور ذیشان اشرف اچھی فارم میں ہیں، مڈل آرڈر میں معین علی، کپتان شان مسعود، رلی روسو اور خوشدل شاہ بڑے سکور کی راہ ہموار کرسکتے ہیں، شاہد آفریدی نے قذافی سٹیڈیم میں بارش کی وجہ سے نامکمل رہنے والے میچ میں فارم کی جھلک دکھلائی تھی، سہیل تنویر ٹی ٹونٹی کے بہترین باﺅلرز میں شمار ہوتے ہیں،انہیں محمد الیاس اور جنید خان کا ساتھ بھی میسر ہوگا،سپن کے شعبے میں عمران طاہر جیسا بڑا نام موجود ہے۔

مزیدخبریں