ایبٹ روڈ (زین مدنی) تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات اپنے بہترین دوست کی جدائی میں اب تک افسردہ ہیں۔
گزشتہ روز مہوش حیات نے انسٹاگرام پر اپنے بہترین دوست کتے بلوونی کے ہمراہ کچھ تصاویر شیئر کیں جس میں سے ایک تصویر میں مہوش حیات نے بلوونی کو گلے لگایا ہوا ہے۔
مہوش حیات نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ میرے پیارے بلوونی، تمہیں اِس دنیا سے گئے 3 دن ہوگئے اور میرا دل و دماغ ابھی بھی اِس پر یقین نہیں کرنا چاہتا ہے کہ تم مجھے چھوڑ کر چلے گئے ہو۔
اداکارہ نے لکھا کہ تمہارے بغیر گزرے دن میری زندگی کے بدترین دن ہیں، تم نے تو مجھے دوسروں سے پیار کرنے کا طریقہ اور زندگی کے بارے میں بہت کچھ سکھایا ہے۔
بہت ہی مختصر عرصے میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات اب تک بہت سی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں جن میں پنجاب نہیں جاؤں گی، جوانی پھر نہیں آنی، لوڈ ویڈنگ، چاولہ سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔