ویب ڈیسک : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء پیکج کو 30 لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک بڑھانے کا اعلان کردیا ۔
ایف سی ٹرینینگ سنٹر شب قدر میں تاریخ میں پہلی بار شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شہداء پریڈ کا انعقاد ہوا ۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ایف سی شہداء پریڈ میں شرکت کے لیے ایف سی ٹریننگ سینٹر شب قدر پہنچ گئے، جہاں کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری اور اعلی حکام نے ان کا خیر مقدم کیا ۔
محسن نقوی نے ایف سی ٹریننگ شب قدر میں یادگار شہداء پر حاضری دی،پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔ وزیرداخلہ نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ محسن نقوی نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کی جان ملک کے لئے حاضر ہے، شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا پیکج 30 لاکھ سے 1 کروڑ روپے کرنے کی کوشش کروں گا، جان کے بدلے ایک کروڑ کا معاوضہ نعم البدل نہیں ۔ یہ تاریخ کی پہلی شہداء پریڈ ہے، جس میں آئی جی سے لیکر جوان تک شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہی۔ انہوں نے کہا کہ آپ نہ پٹھان، نہ پنجابی نہ بلوچی، نہ سندھی ہیں، آپ سب پاکستانی ہیں، آپ سب نے پاکستانی ہوکر سوچنا ہے، پاکستانی ہو کر سوچیں گے تو جیت آپ کی ہو گی۔ آپ جوانوں نے صرف اور صرف پاکستان کی مشن کو سامنے رکھ کر چلنا ہے، پاکستانی ہونے کے ناطے آپ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرسکتے ہیں ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایف سی ایسی فورس ہے جس کی ضرورت ہر وقت اور ہر جگہ پڑتی ہے، ایف سی کے جوان سیکورٹی، امن وامان اور ہر قسم کی ڈیوٹی کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں، ایف سی نے مشکل وقت میں ہر شعبے کو تعاون فراہم کی ہے ۔