(ارشاد قریشی) معروف اداکار جاوید شیخ کے خلاف تشہیری مہم کے دوران فراڈ کا مقدمہ خارج کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے روات کی پولیس نے جاوید شیخ اور دیگر کے خلاف پراپرٹی پراجیکٹ کی تشہیری مہم کے دوران فراڈ کا مقدمہ خارج کیا ہے۔
ایس ایچ او روات کے مطابق یہ روات پولیس کی حدود ہی نہیں بنتی اس لیے مقدمہ خارج کیا گیا ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ عدالتی حکم پر مقدمہ درج کیا گیا تھا لین دین کے معاملات کراچی میں ہوئے ہیں اور دوران تفتیش جو اسٹام پیپر پولیس کو پیش کیا گیا وہ بھی کراچی کا ہے۔
واضح رہے کہ پولیس نے میاں بیوی کی درخواست پر نامور فلم اسٹار جاوید شیخ اور5دیگر افراد کے خلاف منافع کا مبینہ جھانسہ دے کر 50 لاکھ روپے ہتھیانے کے الزام میں دفعہ 420 فراڈ کا مقدمہ درج کیا تھا۔ امجد محمود اور اس کی اہلیہ ارم امجد نے درخواست میں بتایا کہ فلم اسٹار جاوید شیخ، جہاں زیب عالم، جمال خان، رانا زاہد، اظہر حسین اور سمیر جدون نے بلا کر جھانسہ دیا کہ سرمایہ کاری کرو7فیصد منافع ہر ماہ ملے گا۔
اُن کا مزید کہنا تھا انہوں نے باقاعدہ اسٹیمپ پیپرز کے ذریعے معاہدہ کیا تھا اور ہم نے 50 لاکھ روپے فراہم کردیے، اب کئی ماہ گزر گئے منافع مانگیں تو دھمکیاں دی جاتی ہیں، اصل سرمایہ ادا کرنے سے بھی انکار کر دیا گیا، پولیس نے مقدمہ سے انکار کیا تو مجبوراٰ عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔