(ویب ڈیسک)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست کھانے کے بعد پاکستان اپنا تیسرا میچ آج نیویارک میں کینیڈا کے خلاف کھیلے گا۔
پاکستان اور کینیڈا کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑے 7 بجے شروع ہو گا جبکہ میگا ایونٹ میں ”ان“ رہنے کے لیے نہ صرف اپنے اگلے دونوں میچز جیتنا ضروری ہیں بلکہ امریکا کی بھارت اور آئرلینڈ کے خلاف شکست بھی لازمی ہے۔
یاد رہے کہ کینیڈا امریکا سے ہائی اسکورننگ میچ میں شکست کے بعد آئرلینڈ کو 12 رنز سے ہرا چکا ہے ۔
دوسری جانب اگر امریکا کسی بھی طرح مزید ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا تو پاکستان کے لیے ایونٹ پہلے مرحلے میں ہی اختتام پذیر ہوجائے گا۔
اگلے مرحلے تک رسائی کا دار و مدار امریکا کی دونوں میچزمیں شکست پر ہو گا،اگر بھارت اور آئرلینڈ دونوں نے امریکا کو ہرا دیا تو پاکستان اور آئرلینڈ کا 16 جون کو میچ ڈو آر ڈائی بن جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جیتا ہوا میچ بھارت کی جھولی میں ڈال دیا ، جس کے بعد پاکستان کا سپر 8 مرحلے تک پہنچنے کا سفر اگر مگر کی زد میں آگیا ہے