لاہور میں سورج آنکھیں دکھانے لگا،درجہ حرارت 44ڈگری تک جانے کا امکان

11 Jun, 2024 | 09:11 AM

(کومل اسلم)  شہر  لاہور  میں گرمی کا راج  برقرار، ماہرین کے مطابق درجہ حرارت 44ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کا موجودہ درجہ حرارت 36ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ  کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 30 فیصد ریکارڈ  کیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی میں نمایاں کمی کے بائث  عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہورپانچویں نمبر پر  آ گیا ہے جبکہ ائیر کوالٹی انڈکس کی شرح 152 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جوہر ٹاؤن 169،سید مراتب علی روڈ پر آلودگی کی شرح 139 ریکارڈ، ٹھوکر نیاز بیگ میں فضائی آلودگی کی شرح 100 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں کا سلسلہ برقرار ہے، ماہرین کے مطابق آئندہ24 گھنٹوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گرمی کی شدت 35 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری اور   زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ جنوب مغرب سمت سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب74 فیصد ہے۔ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پرآ گیا ہے جبکہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی17 ویں نمبر پر آگیا ہے۔
دوسری جانب  ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی /جنوبی میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا  تاہم گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک اورہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔  چترال، شانگلہ،کوہستان اور بٹگرام میں چند مقا مات پر بارش کا امکان ہے، آزاد کشمیر میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے چند شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں