پاکستان کینیڈا میچ؛ پاکستانی  بیٹرز کو آج شام  خطرناک وکٹ پر  "گھر کے بھیدی" پیسر کا چیلنج درپیش

11 Jun, 2024 | 05:13 AM

سٹی42:  آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے دو میچوں میں شکستوں سے نڈھال تنقید زدہ ٹیم کو آج نیویارک کے نساؤ کائنٹی سٹیڈیم  کی "بیٹر کِلر پچ" پر ایک اور چیلنج درپیش ہے. یہ چیلنج کسی اور سے نہیں بلکہ پاکستان کی کے سابق انڈر 19 پلئیر کلیم ثنا سے درپیش ہے جو آج شام نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم میں کینیڈا کی طرف سے بابر اعظم  کی وکٹ گرانے کے لئے پرجوش ہیں۔ 

پاکستان کیلئے ماضی میں انڈر 19 کھیلنے والے کینیڈین بولر کلیم ثناء  نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ اپنے پرانے ساتھی بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں وکٹ لینے کیلئے پر امید ہیں۔

کینیڈین ٹیم کے فاسٹ بولر کلیم ثنا نے  بتایا کہ وہ  2009 میں پاکستان انڈر 19 ٹیم سے منتخب ہوئے تھے۔   2010 میں انڈر 19 ورلڈ کپ کیلئے سلیکٹ ہوئے، بابر اعظم کے ساتھ 8  سال کرکٹ کھیلی۔  انڈر 16 سے  ان کے ساتھ رہے۔ کلیم ثنا نے بتایا کہ انہوں نے  پاکستان میں جو آخری فرسٹ کلاس کھیلا تھا اس میں بھی بابر حریف ٹیم میں تھے۔

کلیم ثنا نے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہوا، لیکن اب میں کینیڈا کا پلیئر ہوں۔ ورلڈ کپ میچ کیلئے پرجوش ہوں۔ کلیم نے تسلیم کیا کہ ان کی فیملی اور دوست جو پاکستان میں ہیں، ان کی سپورٹ آج شام کے میچ کے دوران تقسیم رہے گی، گھر والے مجھے سپورٹ کریں گے مگر وہ  یہ بھی چاہیں گے کہ پاکستان جیتے۔

کلیم نے بتایا کہ ہم نے ورلڈ کپ کیلئے کافی محنت کی ہے۔  کینیڈا کی ٹیم کا مورال  بلند ہے، پاکستان دو میچ ہارنے کے بعد دباؤ میں ہوگا، ہم پاکستان کو ہرانے کیلئے پورا پلان کر رہے ہیں۔

کلیم ثنا نے بتایا کہ میں نئی  گیند سے باؤلنگ کرتا ہوں اس لیے میرا ہدف بابر اور رضوان کی وکٹ لینا ہے۔  بابر سے مقابلے میں بچپن کی دوستی آڑے نہیں آئے گی۔  بابر آج کل تنقید کی زد میں ہے لیکن وہ  چار بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں۔

کلیم نے بتایا کہ  انڈر 19 کے دور میں میرا بھی ارمان تھا کہ پاکستان کیلئے کھیلوں۔  جب پاکستان انڈر 19 کیلئے منتخب ہوا تھا تو کافی اچھا محسوس ہوا تھا۔

مزیدخبریں