عوام اور کاروبار دشمن بجٹ مسترد کرتے ہیں،عمران خان

11 Jun, 2022 | 08:59 AM

ویب ڈیسک:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی حکومت کے پیش کردہ بجٹ کو مسترد کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے عوام و کاروبار دشمن بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت کا پیش کردہ وفاقی بجٹ، افراط زر اور اقتصادی ترقی کے مفروضوں پر مبنی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ حساس قیمتوں کا انڈیکس آج 24 فیصد تک جا پہنچا ہے جب کہ اعداد و شمار سے واضح ہے کہ مہنگائی کی شرح 25 سے 30 فیصد ہوگی، شرح سود بڑھنے سے معاشی ترقی رک جائے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مہنگائی عام آدمی کو تباہ کردے گی، ہمارے دورمیں کی گئیں انقلابی ٹیکس اصلاحات روکی جارہی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ صحت کارڈ اور کامیاب پاکستان جیسے غریب دوست اقدامات ختم کیے جا رہے ہیں، پرانے پاکستان کا غیر تصوراتی بجٹ قوم کومزید بوجھ  و مشکلات میں مبتلا کردے گا۔

مزیدخبریں