سندر کے علاقہ میں 10 سالہ بچہ، گلبرگ میں سکیورٹی گارڈ قتل

11 Jun, 2021 | 09:46 PM

M .SAJID .KHAN

(عرفان ملک)سندر کے علاقے میں دس سال کے بچے کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود ہیں،بچے کی لاش سندر کے علاقے میں تالاب سے ملی ہے، دوسری طرف گلبرگ تھری میں نامعلوم افراد نے سکیورٹی گارڈ کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ 

پولیس حکام کے مطابق سندر کے علاقے دربار بابا شاہ علائو الدین کے قریب مقامی افراد نے ایک تالاب میں بچے کی لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع کی،پولیس موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ بے دردی سے قتل کیے گئے بچے ریحان کا تعلق قریبی گائوں سے ہے ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔

تحقیقات کے لئے ایس پی انویسٹی گیشن محمد عیسی خان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیکر ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، پولیس نے موقع سے ملنے والے شواہد فرانزک کے لیے بھجوا دیئے ہیں۔

دوسری جانب گلبرگ تھری میں نامعلوم افراد نے سکیورٹی گارڈ کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا،پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر کے کارروائی شروع کر دی،پولیس کے مطابق چالیس سالہ عاصم گلبرگ کے رہائشی میاں فہد کے گھر سکیورٹی گارڈ تھا،سکیورٹی گارڈ عاصم کو نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر قتل کیا۔

مقتول عاصم کو چھریوں کے وار کر کے قتل کیا گیا،پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے لاش مردہ خانے منتقل کر دی ہے،پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔

مزیدخبریں