سٹی42: گرمی کی شدت میں اضافہ پر صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے دوہفتوں بعد سکول بند کرنے کااعلان کر دیا۔ کہتے ہیں اساتذہ کی اے سی آر، تبادلوں اور ترقیوں کے معاملات کو آن لائن کردیا ہے، اب اساتذہ کو دفاتر کے دھکے نہیں کھانا پڑیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ اب اساتذہ کو دفاتر کے دھکے نہیں کھانا پڑیں گے، اساتذہ کی سہولت کیلئے اے سی آر، تبادلوں اور ترقیوں کے معاملات کو آن لائن کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آن لائن ایپ سے گذشتہ سال 70 ہزار اساتذہ نے تبادلے کروائے ہیں، اب اساتذہ کو ریٹائرمنٹ، پینشن اور گریجویٹی بھی گھر بیٹھے ملے گی۔
مراد راس نے کہا کہ سکول ایجوکیشن دس لاکھ داخلوں کے ہدف میں سے 7لاکھ 70ہزار بچوں کے داخلوں کا ہدف پورا کرچکا ہےجبکہ کورونا کی وجہ سے التواء کا شکار پراجیکٹ کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ اپ گریڈ سکولوں کو جلد بجٹ فراہم کردیا جائے گا۔
گرمی کی شدت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مراد راس کا کہنا تھا کہ سکولوں میں بچوں کا امتحان لینے کے بعد دو ہفتے تک چھٹیاں دے دی جائیں گی۔ یادرہے کہ سکولوں میں امتحانات کا سلسلہ 18 سے 30 جون تک جاری رہے گا، جس کے بعد یکم اگست سے نیا تعلیمی سال شروع ہوگا۔