(علی عباس) محکمہ آبپاشی نے پنجاب میں زرعی زمینوں کے لیے نہری پانی استعمال کرنے والے کسانوں پر فی ایکٹر 50فیصد آبیانہ ٹیکس بڑھانے کی تجویز دے دی ، زرعی زمینوں پر نہری پانی استعمال کرنے والے کسانوں پر محکمہ آبپاشی نے 1 ارب 10 کروڑ روپے کا نیا بوجھ ڈال دیا ہے ۔
محکمہ آبپاشی نے خریف اور ربیع کی فصل میں 50 فیصد ٹیکس بڑھانے کی مختلف تجاویز حکومت کو ارسال کردیں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق خریف کی فصل میں نہری پانی کے استعمال پر کسانوں سے آبیانہ کی مد میں 255 روپے کا ٹیکس وصول کرنے کی تجویزہے اور ربیع کی فصل میں نہری پانی استعمال کرنے والے کسانوں سے 150 فی ایکٹر آبیانہ ٹیکس وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔
اس سے قبل خریف کی فصل پر 85 اور ربیع کی فصل پر 50 روپے فی ایکٹر آبیانہ ٹیکس مختص کیا گیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ آبپاشی اس نئے آبیانہ ٹیکس سے لاہور سمیت پنجاب کے کسانوں سے 1 ارب 10 کروڑ روپے کا ٹیکس اس تجویز کی منظوری بعد وصول کرسکے گا ۔