علی اکبر: صوبائی دارالحکومت میں نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافہ، لاہوریوں کو شہباز شریف کی سستی روٹی سکیم کی یاد دلانے لگی۔
تفصیلات کے مطابق مہنگائی کے ستائے شہری اِن دنوں زائد قیمت پر روٹی خریدنے پر مجبور ہیں، ماضی قریب کی بات ہے جب شہباز شریف نے دو روپے کی روٹی کا نعرہ لگا کر سستی روٹی سکیم کا آغاز کیا تاہم بعد میں وہ سکیم بھی بند کردی گئی۔ آج روٹی کی قیمت میں استحکام پیدا کرنے کے لئے ایوان وزیر اعلی متحرک ہے، وزیر اعلی نے حکم صادر کیا ہے کہ نان، روٹی کے نرخوں میں استحکام کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے، کسی کو نان، روٹی کی قیمتیں نہیں بڑھانے دیں گے۔
وزیر اعلی نے حکم صادر کیا ہے کہ نان، روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جوازنہیں، صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول نان، روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انتظامیہ نان، روٹی کی مقررہ کردہ نرخوں میں دستیابی یقینی بنائے، عوام کو مقررہ کردہ نرخوں پر نان، روٹی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، انہوں نے مزید کہا ہے کہ مقرر کردہ نرخوں سے زائد وصول کر نے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، نان، روٹی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ سادہ روٹی 100 گرام 8 روپے کی کر دی گئی، نان 120 گرام 15 روپے کا کر دیا گیا، سادہ روٹی اور نان کی قیمت میں اضافہ آٹے اور فائن کی قیمت میں اضافے کے باعث کیا گیا، ضلعی انتظامیہ سے مزاکرات کا سلسلہ جاری ہے، اس وقت آٹے کی بوری 800 روپے جبکہ فائن کی بوری 1200 روپے مہنگی ہو چکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر تندور مالکان کو سستا آٹا اور فائن فراہم کیا جائے گا تو سستی روٹی اور نان فروخت کریں گے ورنہ اسی نئی قیمتوں کو روٹی اور نان فروخت کیا جائے گا، تندور مالکان مزید نقصان نہیں کر سکتے۔