(علی رامے) پنجاب میں نئے مالی سال کے لیے صوبائی سیلز ٹیکس کیا ہوگا؟ سٹی فورٹی ٹو نے اہم تفصیلات حاصل کرلیں، ریسٹورنٹس، بیوٹی پارلرز اور سیلون پر16 فیصد سیلز ٹیکس برقرار رکھنے کی تجاویز زیرغور ہیں۔
نئے مالی سال میں فنانس بل کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سےبنائی گئی آر ایم سی کمیٹی کی سفارشات کے مطابق لوگوں کو سیلز ٹیکس میں ریلیف دیا جارہا ہے، کمیٹی نے ریسٹورنٹس، بیوٹی پارلرز اور سیلون پر کیش کی صورت میں بل ادا کرنے پر 16 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی ہے، اگر شہری ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ پر بل جمع کرائیں گے توٹیکس 5 فیصد عائد کرنے کی تجویز ہے۔
محکمہ خزانہ ذرائع نےبتایا ہے کہ دیگر شعبوں میں معاشی حالت ابتر ہونے پر ٹیکس کی شرح کو کم کیا جائے گا، صحت کے شعبہ میں تمام ٹیکسز کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے نئے مالی سال میں ختم کرنے کی تجویز ہے، جبکہ ہوٹلز، میرج ہالز، کیٹرنگ اور شامیانہ پر ٹیکس کم کرکے صرف 5 فیصد عائد کرنے کی تجویز ہے، ڈیجیٹل پلیٹ فارم، ٹورآپریٹر، جم اور فٹنس کلب پر 5 فیصد ٹیکس عائد کرنےکی تجویززیرغور ہے۔
پراپرٹی ڈیلرز، آٹو موبائل ڈیلرز، کیبل ٹی وی آپریٹرز، رینٹ اے کار سروسز، سکن اور لیزر کلینکس، پارکنگ سروسز، آئی ٹی سروسز، فوٹوگرافی، آڈٹ کمپنیاں، ٹال مینوفیکچرنگ ٹریٹمنٹ آف ٹیکسٹائل پر بھی 5 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجاویز ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مجموعی آمدنی کا تخمینہ 23 کھرب 80 ارب روپے لگایا گیا ہے جو رواں مالی سال کے لیے آمدنی کے مجموعی تخمینے 23 کھرب 60 کروڑ روپے کے مقابلے میں 4 کھرب 97ارب روپے زائد ہے ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کا بجٹ 12 جون کو متوقع ہے جس کے بعد پنجاب اپنا بجٹ پیش کرے گا، پنجاب آئندہ مالی سال کے لئے کورونا کے باعث صحت کے لئے بھاری بجٹ مختص کرے گا جبکہ ترقیاتی بجٹ میں بھی اضافے کا امکان ہے ۔