ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت ناپید

ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت ناپید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری) حکومت ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت دے سکی نہ ہی پرائیویٹ لیبارٹریز کو کٹس اور مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی اور مختلف ٹیکسوں کی مد میں چھوٹ دے کر ٹیسٹ سستے کروا سکی۔

 کورونا کی حالیہ وبا کے دوران حکومت کی جانب سے شہریوں کو مرض کی تشخیص کیلئے ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹیسٹ کی سہولت تاحال فراہم نہیں کی جاسکی، شہر میں طبی تعلیم کی سب سے بڑی درسگاہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور اس سے منسلک تاریخی میو ہسپتال کی لیبارٹری میں بھی کورونا ٹیسٹ نہیں کیا جارہا، اس کے علاوہ گنگا رام ہسپتال، سروسز ہسپتال، شیخ زید ہسپتال میں بھی ٹیسٹ کی سہولت ناپید ہے۔

حکومت کی جانب سے ٹیچنگ اور سرکاری ہسپتالوں کی لیبارٹریز میں سہولت فراہم نہ کرنے کے ساتھ کورونا ٹیسٹ کرنے والی پرائیویٹ لیبارٹریز کی حوصلہ افزائی بھی نہیں کی جارہی اور نہ ہی پرائیویٹ لیبارٹریز کو کٹس اور مشینری کی درآمد اور یوٹیلٹی بلز اور دیگر مدات میں ٹیکسوں میں چھوٹ دے کر ٹیسٹوں کو سستا کروانے کیلئے بھی تاحال کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وبا لاہور سمیت  پنجاب بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے،گزشتہ 24 گھنٹے میں لاہور میں کورونا وائرس کے 1408 نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ مزید 7 اموات ہوئیں، شہر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 21581 اور اموات 290  ہوگئیں، پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 807 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 43460 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

بڑھتے کیسز کی وجہ سے لاہور کے بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے جگہ کم پڑ گئی، لاہور جنرل ہسپتال اور پی کے ایل آئی کے ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ اور آئی سی یو مکمل بھر گئے ہیں، جناح ہسپتال کے ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ میں بھی کوئی بیڈ مزید کورونا کے مریض کے لیے خالی نہیں رہا۔

Sughra Afzal

Content Writer