آئی جی  کو تھانوں کی انسپکشن، پولیس اصلاحات پر عمل درآمد کو یقینی بنانیکی ہدایت

11 Jun, 2020 | 11:27 AM

Shazia Bashir

انارکلی (علی ساہی) آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کانفرنس، آئی جی کی تمام اضلاع میں جاری ترقیاتی سکیموں اور پراجیکٹس کی نگرانی آر پی اوز، ڈی پی اوزکوخود کرنے اورتھانہ جات کی باضابطہ انسپکشن اور پولیس اصلاحات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت۔

 

  آئی جی پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوزاور ڈی پی اوزنے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی، کانفرنس میں کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، انویسٹی گیشن اسٹینڈنگ آرڈر اور ترقیاتی پراجیکٹس سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔

 

  آئی جی پنجاب نے تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد انتظامی و پیشہ ورانہ امور میں مزید بہتری کیلئے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کا فوری ازالہ اور انہیں انصاف کی بروقت فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

 8787 کمپلینٹ سسٹم اورپرائم منسٹر پورٹل پر موصول ہر شکایت پردرخواست دہندہ کو مطمئن کئے بغیر درخواست بند نہ کی جائے، شہریوں کی شکایات کے ازالے کے حوالے سے سٹیزن فیڈ بیک کے نظام کومزید موثر کیا جائے، بائیس اے اور بی کی ایف آئی آر کے اندراج کیلئے عدالتی احکامات پر من و عن عمل درآمدکو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔

 

 پولیس فورس کے زیر استعمال اسلحہ، علاقہ اور کرائم کی شرح تناسب کو مد نظر رکھ کر تقسیم کیا جائے، کرائم سے متعلقہ تمام رٹ پٹیشنز میں تمام عدالتی احکامات پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے، انٹرنل اکاؤنٹیبلیٹی برانچ مختلف شعبوں کی کارکردگی میں مزید بہتری کیلئے انسپکشن اورمانیٹرنگ کو مزید تندہی سے انجام دے۔

 

 تفتیشی نظام میں مزید بہتری کیلئے ڈی پی اوز اپنی زیر نگرانی انویسٹی گیشن اسٹینڈنگ آرڈرکی پاسداری کو یقینی بنائیں، نئے تھانوں کی تعمیراور زمین کے حصول کیلئے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ بروقت فالو اپ سے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

 

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی فنانس طارق مسعود یٰسین، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس علی عامر ملک، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن فیاض احمد دیو اور ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی سمیت دیگر افسروں نے زیر بحث امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔

مزیدخبریں