میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے ہسپتال کورونا مریضوں کیلئے کھولنے کا فیصلہ

11 Jun, 2020 | 09:34 AM

Sughra Afzal

کینال روڈ (بسام سلطان) کورونا کے بڑھتے کیسز پر قابو پانے کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے ہسپتالوں کو کورونا مریضوں کیلئے کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ہر پرائیویٹ میڈیکل کالج کم سے کم 150 بیڈ کورونا کے مریضوں کیلئے مختص کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی سنڈیکیٹ کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم کی سربراہی میں ہوا، اجلاس میں پروفیسر خواجہ صادق حسین، پروفیسر ساجد مقبول، پروفیسر عبدالناصر شاہ، ڈاکٹر ثاقب محمود نے شرکت کی جبکہ پروفیسر حمیرا اکرم اور پروفیسر وحید الحمید ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں الحاق شدہ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے ہسپتالوں کو کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 پروفیسر جاوید اکرم نے کہاکہ یو ایچ ایس کیساتھ 45 پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالج الحاق شدہ ہیں، ان حالات میں ان کالجز کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ارکان کی توجہ اس امر کی جانب بھی کروائی گئی کہ قانونی طور پر بھی یہ ہسپتال 50 فیصد فری بیڈ عوام کیلئے مختص کرنے کے پابند ہیں۔

 سنڈیکیٹ نے فیصلہ کیا کہ ہر پرائیویٹ میڈیکل کالج کم سے کم 150 بیڈ کورونا کے مریضوں کیلئے مختص کرے گا، یہ بیڈ 48 گھنٹے کے اندر اندر مختص کیے جائیں گے۔سنڈیکیٹ نے اس حوالے سے اقدامات کیلئے وی سی یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم کو فری ہینڈ دے دیا۔

دوسری جانب یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے اپنی ریسرچ لیب کوعوامی خدمت کیلئے استعمال کرنے کا اعلان کر دیا،وائس چانسلر یو ایچ ایس جاوید اکرم نے فوری طور پر کورونا کے تشخیصی ٹیسٹ کی سہولت شہریوں کو فراہم کرنے کیلئے یو ایچ ایس میں کولیکشن سنٹر قائم کرنے کا حکم دے دیا، یو ایچ ایس میں کورونا کی تشخیص کیلئے پی سی آر اور اینٹی باڈیز ٹیسٹ کی سہولت دی جائے گی۔ 

مزیدخبریں