بجٹ میں عام آدمی کی مشکلات کو مدنظر رکھیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب

11 Jun, 2020 | 10:40 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کے باعث غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں، بجٹ میں عام آدمی کی مشکلات کو مدنظر رکھیں گے، کمزور طبقے پر پہلے بوجھ ڈالا نہ آئندہ ڈالیں گے، ہمارا محور کمزور طبقے کا تحفظ ہے، بجٹ میں کمزور طبقے کا پورا خیال رکھا جائے گا۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں ریسورس موبلائزیشن کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا، 3 گھنٹے طویل اجلاس میں صوبے کے وسائل میں اضافہ کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ  پنجاب  نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے منفرد طریقے سے اقدامات کیے جائیں، عام آدمی کی مشکلات و ضروریات کو مد نظر رکھ کر اقدامات تجویز کیے جائیں، متعلقہ محکمے اپنے اہداف کے حصول کے حوالے سے جامع حکمت عملی وضع کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے تجاویز کو حتمی شکل دینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، کمیٹی تجاویز کو حتمی شکل دے کر پلان پیش کرے گی۔

سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، میاں اسلم اقبال، محسن لغاری، فیاض الحسن چوہان، حافظ ممتاز احمد، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جناح ہسپتال میں کورونا کے باعث ڈاکٹر راحت مقصود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ڈاکٹر راحت مقصود کی شعبہ طب میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

مزیدخبریں