عوام کورونا کو سنجیدہ لیں ورنہ مشکلات بڑھیں گی: گورنر پنجاب

11 Jun, 2020 | 08:28 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (قذافی بٹ) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ عوام کورونا سے بچاؤ کی احتیاط نہیں کریں گے تو آنے والا وقت مزید مشکل ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بے احتیاطی کرنے  والے لوگ دوسروں کی زندگیاں اور ملک کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

 گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ عوام کورونا وائرس کے ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں کر رہی،   کورونا وباء میں ایسے ہی اضافہ ہوتا رہے گا تو یہ صحت کے نظام کیلئے بھی خطرناک ہوگا، اگرعوام کورونا کو سنجیدہ لے لیں تو امریکہ اور اٹلی جیسی تباہی سے بچا جا سکتا ہے، ہم جتنی جلدی اس حقیقت کو سمجھ لیں اتنا ہی فائدہ ہوگا، کورونا کو شکست دینے کیلئے ہم سب کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہی دن میں ملک میں کورونا سے سوسے زائد ہلاکتیں 22 کروڑ پاکستانیوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، اب بھی وقت ہے،ہوش کے ناخن لیں اورسب ایک ہوکرپالیسی بنائیں، کوروناوباجتنی لمبی ہوگی،معیشت اورعوام کونقصان ہوگا، ہم سب کہیں نہ کہیں غلطی کررہے ہیں تاریخ فیصلہ  کرے گی کہ ہم نے کہاں کہاں کوتاہی کی۔

  چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ نیب آزادادارہ ہے خود فیصلے کرتے ہیں، نیب تحریک انصاف کے لوگوں پر بھی ہاتھ ڈال رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مودی نے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دیں، مودی کا ظلم دیکھ کر ہٹلر بھی شرما گیا ہوگا، ہٹلر کی کہانی کتابوں میں پڑھی، مودی کو حقیقت میں دیکھ لیا۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے اقدامات کیے، خصوصی پروازوں سے اوورسیز پاکستانیوں کو واپس لا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت میں کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے،  گزشتہ 24 گھنٹے میں لاہور میں کورونا وائرس کے 1408 نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ مزید 7 اموات ہوئیں، شہر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 21581 اور اموات 290  ہوگئیں، پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 807 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 43460 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

مزیدخبریں