اویس کیانی : آذربائجان کے صدر عزت مآب الہام علییوف نے پاکستان کا دورہ کیا، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آذربائجان کے صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم ہاؤس آمد پر شہباز شریف نے آذربائجان کے صدر کو خوش آمدید کہا ۔
شہباز شریف نے آذربائجان کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پاکستان میں دیکھ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے ۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری کے لئے آپ کا دورہء پاکستان انتہائی خوش آئند اور ایک اہم سنگ میل ہے ۔ پاکستان اور آذربائجان کے درمیان تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائجان کے درمیان اقتصادی، توانائی، سیاحت، ثقافتی، تعلیمی، ٹیکنالوجی، صحت کی دیکھ بھال اور ماحولیاتی تعاون، دونوں ممالک کے عوام کے آپس کے روابط سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو بڑھایا جائے گا۔
وزیراعظم نے باکو کو انتیسویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کی میزبانی ملنے پر آذربائجان کے صدر کو مبارکباد دی اور اس حوالے سے پاکستان کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں دو طرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر بات چیت ہوئی، ساتھ ہی دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کی قیادت میں دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی.
بعد ازاں وزیرِ اعظم اور آذری صدر نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی اور مشترکہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کی. جہاں آذری صدر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید کی اور کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیری لوگوں کی امنگوں کے مطابق آزادانہ استصوابِ رائے سے حل ہونا چاہئیے. آذری صدر کہا کہ ابتدائی طور پر آذربائیجان پاکستان میں مختلف شعبوں میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا. انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اسلام آباد کی تزین و آرائیش اور خوبصورتی میں اضافے کیلئے تعاون میں اضافہ کرے گا.
دونوں اطراف نے باکو اور پاکستان کے مابین پروازوں میں اضافے پر اتفاق کیا. علاوہ ازیں دونوں ممالک نے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے پر بھی زور دیا. وزیرِاعظم نے آذربائیجان میں پاکستانی چاول کی ڈیوٹی فری برآمد کے فیصلے پر آذربائیجان کے صدر کا خصوصی شکریہ ادا کیا.