ویب ڈیسک : صوبائی دارالحکومت کے علاقے بھاٹی گیٹ میں تاحال کئی خستہ حال عمارتوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، مون سون کے باعث عمارتیں گرنے کا بھی خدشہ ہے ۔
بھاٹی گیٹ کی چھتی گلی مخدوش عمارتوں کا گڑھ بن گئی، مون سون سیزن لاہور کی مخدوش عمارتوں کے لیے بڑا خطرہ بن گیا، لاہور میں مجموعی طور پر 487 خطرناک عمارتوں کی موجود گی کا انکشاف ہوا ہے جبکہ 400 کے قریب خستہ حال عمارتیں صرف والڈ سٹی میں ہیں۔
بھاٹی گیٹ کی چھتی گلی میں تقریباً تمام عمارتیں بوسیدہ ہوچکی ہیں،اسی گلی میں 2 روز قبل کمرے کی چھت گرنے سے باپ بیٹا جاں بحق ہوئے تھے،مون سون سیزن کے دوران اس گلی کی مزید عمارتیں گرنے کابھی خدشہ ہے ۔خستہ حال عمارتوں کے حوالے سے متعلقہ اداروں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
چھتی گلی کے مکینوں کا کہنا ہےکہ والڈ سٹی انتظامیہ کو بار ہا شکایت کی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ،چھت گرنے سے باپ بیٹے کی ہلاکت کے بعد والڈ سٹی نے صرف رسمی کارروائی کی ہے۔
والڈ سٹی کے غیر ذمہ دارانہ رویہ پر چھتی گلی کے مکینوں نے احتجاج بھی کیا اور خوب نعرے بازی کی۔