سڑکوں کو آج کی نہیں آئندہ 50برسوں کی ضرورت کے مطابق بنایا جائے گا، عبدالعلیم خان

11 Jul, 2024 | 06:20 PM

طیب سیف : وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ سڑکوں اور موٹرویز کو آج کی نہیں آئندہ 50برسوں کی ضرورت کے مطابق بنایا جائے گا۔ 

وفاقی وزیر مواصلات کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات،  چئیرمین این ایچ اے اور سینئر افسران نے مختلف منصوبوں پربریفنگ دی ۔ 

وفاقی وزیر مواصلات ہدایت کی کہ سیالکوٹ سے راولپنڈی کی موٹروے کو 4 کی بجائے 6 لین کی تعمیر کرنے کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بیرئیر فری بنایا جائے، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے عوام الناس کو آگاہی دی جائے ۔ سڑکوں اور موٹرویز کو آج کی نہیں آئندہ 50برسوں کی ضرورت کے مطابق بنایا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں تمام گاڑیوں کے لئے موٹرویز کسی رکاوٹ اور بیرئیرز کے بغیر ہوں گے ۔  بلوچستان میں 150 ارب روپے کی شاہراہ این-25 کی مرحلہ وار تکمیل کی جائے گی۔  

 وفاقی وزیر مواصلات نے این ایچ اے کوگلگت  بلتستان حکومت سے مختلف مسائل کے حل کیلئے رابطے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کے احکامات کے حوالے سے بلوچستان حکومت کو بھی اعتماد میں لیا جائے ۔  

عبدالعلیم خان نے شاہراہوں اور تعمیراتی منصوبوں پر لائیو کیمرے لگانے کی ہدایت کی، کہا کہ وزیراعظم کو رپورٹ دینے کے لئے تمام منصوبوں کوڈیش بورڈ پر شامل کیا جائے۔ انہوں نے این ایچ اے کو شاہراہوں کی مرمت کے منصوبوں کی تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کی ہدایت کی، کہا کہ شاہراہیں اور موٹرویز قومی اثاثہ ہیں، مستقبل کی ضروریات کو پیش نظر رکھا جائے۔ ایسی سڑکوں کی تعمیر کو ترجیح دیں جس سے معاشی لحاظ سے بھی فائدہ ہو سکے۔

 اجلاس میں سی پیک سے منسلک دیگر شاہراہوں کی تعمیر پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ 

مزیدخبریں