محسن نقوی کا شہید ڈی ایس پی علی رضاکیلئے میڈل کا اعلان

11 Jul, 2024 | 01:50 PM

سٹی42:   وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید ڈی ایس پی علی رضا کے لیے ہلال شجاعت اور قائد اعظم پولیس میڈل کا اعلان کیا ہے۔

 وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سی ٹی ڈی کے شہید ڈی ایس پی علی رضا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئےکریم آباد اُن کی  رہائش گاہ پہنچ کر سوگوار خاندان سے ملاقات کی، شہید ڈی ایس پی علی رضا کے بہنوئی و دیگر اہل خانہ  کو دلاسہ دیا اور تعزیت کا اظہار کیا۔

  اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی علی رضا انتہائی بہادر  پولیس افسر تھے،قوم کو ایسے جرات مند  پولیس افسران  پر ناز ہے،شہید ایس ایس پی چودھری اسلم کے بعد شہید ڈی ایس پی علی رضا نے کراچی میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی تھی۔ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیں اور شہید ڈی ایس پی علی رضا ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

  وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید ڈی ایس پی علی رضا کے لیے ہلال شجاعت اور قائد اعظم پولیس میڈل کا اعلان کیا۔

  محسن نقوی نے شہید ڈی ایس پی علی رضا  کو خراج عقیدت پیش کیا، شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقعے پر ایڈیشنل آئی جی پولیس یعقوب ناصر،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ ، ایس ایس پی سنٹرل سی ٹی ڈی کے افسران موجود تھے۔


 

مزیدخبریں