سٹی42: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں برہانی محل اور شاہ شہیدان امام بارگاہ کا دورہ کیا، اس دوران برہانی محل میں داؤدی بوہرہ برادری کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین سے ملاقات کی، سیدنا مفضل سیف الدین کے صاحبزادے شاہ زادہ حسین برہان الدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محسن نقوی کا سیدنا مفضل سیف الدین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھاکہ پاکستان آمد پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ آپ سے عقیدت و احترام کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، داؤدی بوہرہ برادری امن پسند اور محبت کرنے والی کمیونٹی ہے۔ سیدنا مفضل سیف الدین نے داؤدی بوہرہ کمیونٹی سے متعلق امور کے فوری حل پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے سولجر بازار میں شاہ شہیدان امام بارگاہ میں انتظامات کا جائزہ لیا اور سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔
شاہ شہیدان امام بارگاہ کے دورہ کے موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی کی مولانا آیت اللہ عقیل الغربی اور سابق نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر سے ملاقات ہوئی۔ملاقات کےدوران مولانا آیت اللہ عقیل الغربی اور مقبول باقر نے امن عامہ کے بہترین انتظامات پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقویکا کہنا تھا کہ شاہ شہیدان امام بارگاہ پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات بہترین ہیں، وفاق محرم الحرام میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔