حضوری کالونی میں بجلی موجود، کھمبے ناپید، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے

11 Jul, 2024 | 01:43 AM

فاطمہ خان:  لاہور الیکٹرک کمپنی غریبوں کی بستی ڈیفنس روڈ حضوری پارک کے مکینوں کو بجلی بیچ کر پیسے تو کما رہی ہے لیکن اس بستی میں بجلی کی ٹرامسشن لائن کے لئے کھمبے انسٹال کرنے پر معمولی رقم خرچ کرنے کی بجائے خطرناک تاروں کو گھروں کی دیواروں کے ساتھ رسیوں سے باندھ کر کام چلا رہی ہےْ۔

حضوری پارک  کے  مکین تمام بنیادی سہولیات سے محروم  زندگی گزار رہے ہیں۔ پاؤں کے نیچے ٹوٹی پھوٹی سڑک اور گلیاں اور سر کے اوپر بجلی کے خطرناک تار علاقہ کے مکینوں کی غربت کا مذاق اڑاتے ہیں۔

کہنے کو تو یہ آبادی بھی "لہور" ہے لیکن  سوئی گیس کی سہولت کو اس علاقہ کے لئے غیر ضروری گردانا گیا اور گیس کی پائپ لائن یہاں نہیں بچھائی گئی۔ مہنگا ایندھن حضوری پارک کے مکینوں  کیلئے  الگ دردِ سر بنا ہوا ہے۔
ڈیفنس روڈ حضوری پارک کے مکین بتاتے ہیں کہ وہ جب سے یہاں ہیں، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں۔ناقص سیوریج نظام ، بجلی کے لٹکتے تاروں کے گچھوں نے مکینوں کو عذاب میں مبتلا کردیا ۔ سیوریج نظام درہم برہم ہونے کے باعث سڑک پر کیچڑ جمع ہو گیا۔

علاقے میں انتظامیہ کی  غفلت کے باعث گیس کی فراہمی بھی یقینی نہ بنائی جا سکی۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ تاریں گلیوں میں جھولے کی شکل میں لٹک رہی ہیں۔ ان لٹکتی تاروں کی وجہ سے کئی حادثات ہو چکے ہیں۔

صفائی کی ناگفتہ صورتحال کے باعث جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگنے سے برسات آتے ہی تعفن اور  بیماریاں پھیلنے لگی ہیں ۔  متعلقہ ادارے شکایات کے باوجود پبلک کو درپیش مسائل حل کرنے میں ناکام ہیں۔ علاقے  کےمکینوں نے حکام بالا سے  نوٹس لے کر فی الفور مسائل حل کرنے کا مطالبہ کردیا۔


 
 
 

مزیدخبریں