مانیٹرنگ ڈیسک: کویت نے سویڈش زبان میں قرآن پاک کے ایک لاکھ نسخے شائع کر نے کا اعلان کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق کویت نے سویڈش زبان میں قرآن کریم کے ترجمہ والے ایک لاکھ نسخوں کی طباعت اور اشاعت کا اعلان کردیا۔ اشاعت کے بعد ان نسخوں کو سویڈن میں تقسیم کیا جائے گا۔
کویت کے وزیر اعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح نے متعلقہ اتھارٹی کو قرآن پاک کی طباعت اور اشاعت کا کام سونپ دیا۔ سویڈش زبان میں قرآن پاک شائع کرنے کا فیصلہ اسلامی رواداری و اقدار اور بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
جون کی 28 تاریخ کو عید الاضحیٰ کے پہلے دن سویڈن میں ایک ملعون عراقی شہری نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی تھی۔ اس گھناؤنے واقعہ کے بعد سے پوری دنیا میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ عراقی حکومت ملعون شخص کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کرچکی ہے اور گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا ہے۔