(عابد چوہدری) بادامی باغ میں ڈولفن اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک نوجوان کے والد نے ڈولفن اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے درخواست دے دی۔
بادامی باغ میں ڈولفن اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کا واقعہ گذشتہ روز پیش آیا تھا،ہلاک نوجوان کے والد نے ڈولفن اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لئے درخواست دے دی ہے۔
پھل فروش رمضان نے تھانہ بادامی باغ میں درخواست جمع کروائی،درخواست میں رمضان نے موقف اختیار کیا کہ اس نے عید کی دعوت پر جانے کے لئے بیٹے کو رکشہ کروانے باہر بھیجا اور گھر سے باہر دیکھا تو اچانک ڈولفن اہلکاروں نے اسکے بیٹے کو روکا اور بدتمیزی شروع کر دی۔
رمضان کا درخواست میں موقف ہے کہ اہلکاروں نے تھانے لیجانے کی دھمکی دی جس پر معظم ڈر کر بھاگا تو ڈولفن اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کر دی، ڈولفن اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا جائے۔
پھل فروش رمضان کا کہنا ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرنے والے شہری ہیں،بیٹے پر آج تک کوئی مقدمہ درج نہیں اور ڈولفن اہلکار مدثر اور کامران نے اسکےبیٹے کو ناجائزقتل کیا،دوسری جانب پولیس کی مدعیت میں گذشتہ روز واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔