فریزر میں رکھا گوشت کتنے عرصے تک استعمال کر لینا چاہئے؟ 

11 Jul, 2022 | 02:36 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک)عیدالاضحیٰ پر سنت ابراہیمی کی یاد تازہ کرنے کے لئے گائے، بھیڑ، بکرے، اُونٹ اور دنبے کی قربانی کی جاتی ہے۔ اس مذہبی فریضہ کو انجام دینے کے بعد  گوشت  رشتے داروں اور  دیگر لوگوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

  گوشت کا استعمال صحت کے لئے مفید ہے۔ عید قربان کے موقع پر تقریباً ہر گھر میں گوشت کو فریز کیا جاتا ہے تاہم  گوشت کا زیادہ استعمال مضر صحت بھی ہے خصوصاً فریزر میں رکھا ہوا گوشت ، طبی ماہرین ایک دن میں 250گرام سے زائد سرخ گوشت کھانے سے منع کرتے ہیں اور گوشت کیساتھ سلاد، دہی اور لیموں استعمال کرنےکا مشورہ دیتے ہیں۔

  قربانی کے گوشت کو زیادہ عرصہ فریزر میں رکھنا مناسب نہیں،  اگر فریزر میں رکھے گوشت کو 2 ہفتے کے اندر استعمال کر لیا جائے تو وہ تازہ گوشت کی طرح فائدے مند ہوتا ہے۔

عموماً لوگ کئی کئی ماہ فریز کرنے کے بعد قربانی کا گوشت کھاتے ہیں ۔ ذہن نشین رہے کہ  2 ہفتے سے زیادہ عرصے فریز کرنے سے گوشت میں سے پروٹین اور دیگر وٹامنز وغیرہ ختم ہو جاتے ہیں، لوڈشیڈنگ اور بار بار فریزر کھولنے سے بھی گوشت کا معیار برقرار نہیں رہتا اس لئے اسے جلد از جلد استعمال کرلینا چاہئے۔

 
دیکھا گیا ہے کہ اکثرگھروں میں فریج میں گوشت کو محفوظ رکھنے کیلئے اخبار کا استعمال کیا جاتا ہے، جس سے اخبار کی سیاہی گوشت پر آجاتی ہے۔ لہٰذا ایسا کرنے سے پرہیز کر یں اور فریز میں گوشت محفوظ کرنے کیلئے سفید شاپنگ بیگ استعمال کریں ۔

اس حوالے سے غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ قربانی کے گوشت میں سےخون کا اخراج ہونے دیں اور گوشت کو دھو کر ڈیپ فریزز میں مخصوص درجہ حرارت پر کم وقت کے لیے محفوظ کریں ۔

مزیدخبریں