سگیاں مویشی منڈی میں بیل کی قیمت 50 لاکھ مقرر؛ خصوصیات کیا؟

11 Jul, 2021 | 09:03 PM

M .SAJID .KHAN

(حسنین اولکھ )سگیاں مویشی منڈی میں کالو شاہ پوریے، صحرائی جہاز اور راجن پوری بکروں کی لینڈنگ،، کالو شاہ پوریا کی 50 لاکھ قیمت مقرر،بچے اور بڑے صحرائی جہاز کےساتھ سیلفیاں بناتے رہے، تو مالکان راجن پوری بکروں کے نخرے اٹھانے میں مصروف رہے۔

 تفصیلات کے مطابق مقدس فرض کی تکمیل کیلئے سگیاں مویشی منڈی میں ایک سے بڑھ کر ایک جانور کی آمد ہو چکی ہے، کالو شاہ پوریے بیل کی دوردراز کے علاقوں میں دھوم مچی ہے ،3 سال کے کالو کا 50 من ورزن، 7 فٹ قد اور 10 فٹ لمبائی ہے،جناب خوراک میں مربے، فروٹ، دودھ اور دیسی گھی پر ہاتھ صاف کرتے ہیں۔

چھوٹے جانوروں کا ذکر کیا جائے تو راجن پوری، فوٹ عباسی اور دیسی بکروں کی مقبولیت بھی کسی سے کم نہیں، مالکان کی جانب سے 7 بکروں کی قیمت 15 لاکھ مقرر کی گئی ہے، کہتے ہیں،، اخراجات اور پرورش میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔
قربانی کے جانوروں کی بات کی جائے اور صحرائی جہاز کا ذکر نہ ہو، بھلا یہ کیسے ممکن ہے، سگیاں مویشی منڈی میں اونٹوں کی بھی آمد ہوچکی ہے، جہاں بچے اور بڑے صحرائی جہازوں کےساتھ سیلفیاں لینے میں مشغول رہے، شہری اونٹ کی قربانی کو ترجیح دیتے ہیں،انچارج مویشی منڈی آغا مزمل نے کمشنر لاہور کی ہدایات پر جانوروں کی کیٹ واک منعقد کروانے کا بھی عندیہ دیا ہے۔
مویشی منڈی میں جہاں خوبصورت جانور خریداروں کے دلوں کی تار ہلاتے دکھائی دیتے ہیں،تو وہیں آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں سن کر ان کے ماتھے پر شکنیں پڑ جاتی ہیں، ایسے میں خریدار اور بیوپاری بھاؤ تاؤ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں  یکم ذی الحج 12 جولائی بروز پیر ہو گی جبکہ عیدالضحیٰ 21 جولائی بروز بدھ ہو گی،سعودی عرب میں عیدالاضحی 20 جولائی کو ہوگی،سعودی میڈیا کے مطابق حج کا اہم رکن وقوف عرفہ 19 جولائی کو ادا کیاجائے گا۔

مزیدخبریں