کورونا کا پھیلاؤ  بڑھنے لگا۔۔۔ حکومت بھی اِن ایکشن

11 Jul, 2021 | 12:30 PM

Ibrar Ahmad

ویب ڈیسک : ملک بھر میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث کورونا کا پھیلاؤ  بڑھنے لگا جبکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام ہائی رسک سیکٹرز میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا  ہے۔

 تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی مہلک اقسام  کے پھیلاؤ کے خطرات سے نمٹنے کیلئے  تمام ہائی رسک سیکٹرز میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ این سی او سی  کا کہنا ہے کہ   کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں، وائرس کی مختلف مہلک اقسام کی موجودگی اور عید الاضحی کی آمد کے پیش نظر ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے تمام صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سےعملدرآمد کیلئے  تفصیلی  گائیڈ لائنز جاری  کی گئیں  ہیں جبکہ سماجی فاصلے ،ماسک کا استعمال اورحفاظتی اقدامات پرعملدرآمد کو یقینی  بنانے کیلئے ٹیمیں  تشکیل دی گئیں ہیں۔ جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں مویشی منڈیوں اور عید سے متعلقہ ایس او پیز کے نفاذ کے لیے بھی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

 دوسری جانب   دنیا بھرمیں کورونا سے صحت یاب ہونیوالے افراد  کی تعداد 17 کروڑ 12 لاکھ سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد ایک کروڑ 19 لاکھ 81 ہزار سے زائد ہے۔ امریکا  میں کورونا سے جان  کی بازی ہارنےوالے افراد کی  کل تعداد 6 لاکھ 22 ہزار 821 تک پہنچ گئی  جبکہ 3 کروڑ 47 لاکھ 26 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔

بھارت میں 3 کروڑ 8 لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہیں  اور 4 لاکھ 8 ہزار 72 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ برازیل میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 90 لاکھ 69 ہزار سے زائد  ہے اور 5 لاکھ 32 ہزار 949 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ فرانس میں 58 لاکھ 8 ہزار 383 افراد متاثر اور ایک لاکھ 11 ہزار 321 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ترکی میں 54 لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر اور 50 ہزار 192 ہلاک ہو چکے ہیں۔ روس میں 57 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار 253 ہے۔ برطانیہ میں 50 لاکھ 89 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہیں اور ایک لاکھ 28 ہزار 399 اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا وائرس کا پہلا کیس 17 نومبر 2019 کو رجسٹرڈ ہوا تھا جس کے بعد 27 جون 2020 کو کیسز کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس کے پہلے پانچ کروڑ کیسز 356 دنوں میں رپورٹ ہوئے تھے جب کہ آخری پانچ کروڑ کیسز صرف اناسی روز میں رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔

 
  

مزیدخبریں