جوہر ٹاؤن (درنایاب) ایل ڈی اے کا کورونا صورتحال کے دوران کنسٹرکشن انڈسٹری کو سہارا دینے کے لیے بڑا فیصلہ، شہریوں کو رہائشی نقشہ جمع کرا کر منظوری کیلئے انتظار نہیں کرنا پڑے گا، نقشہ جمع کراتے ہی فوری گھرتعمیر کی اجازت ہوگی جبکہ کمرشل نقشہ کی فیس بھی چارمساوی اقساط میں لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے کورونا کے باعث دفاتر میں سرکاری کاموں میں تاخیرکے باعث اب شہریوں کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے، شہریوں کو نقشہ جمع کراتے ہی فوری گھر کی تعمیر کی فوری اجازت دی جائے گی، جس کا باقاعدہ ورکنگ پیپر تیار کرلیا گیا ہے، فوری کنسٹرکشن کی اجازت خاص رہائشی نقشہ پر پلر کنسٹرکشن کے علاوہ ہوگی، موجودہ حالات میں کورونا صورتحال کے باعث معاشی بدحالی کا شکار تاجروں کوفیس میں اقساط کر کے ریلیف دیا جائے گا۔
ایل ڈی اے شعبہ ٹاؤن پلاننگ نے ورکنگ پیپر تیار کرلیا ہے، ورکنگ پیپررواں ماہ ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی سے منظور کرایا جائے گا۔
دوسری جانب ایل ڈی اے کی محکمانہ پروموشن کمیٹی کے اجلاس میں سٹینوگرافر گریڈ 15 میں کام کرنے والے 10 اہلکاروں کو سینئر سکیل سٹینوگرافر گریڈ 16 میں ترقی دی گئی، ان میں محمد شفیق، مقصود احمد ،سخاوت علی، محمد ندیم ،مس زہرہ بشیر، کاشف جہانگیر، عبدالرزاق، کاشف شفیق محمد اسماعیل اور محمد لیاقت علی شامل ہیں، گریڈ 14 میں کام کرنے والے 27 سنیئر کلرکوں کو اسسٹنٹ (گریڈ16) میں ترقی دی گئی ہے۔
ان میں محمد فاروق، ضیا ء اسلم، سید اکبر علی، تنویر عباس، رضوان احمد ،محمود کرم الٰہی،غلام حسین علی، اکبر محمد اشتیاق ،بشیر احمد، محمد اسلم، وارث علی، ماجد علی خان، محمد رمضان، ذکا اللہ ،خالد محمود، سیف الدین ،محمد اقبال، ناصر احمد شیخ، سعید الدین قریشی ،محمد نعیم ،محمد آصف ،مراتب علی، احتشام اکرام، محمد نوید انور اور محمد کامران شامل ہیں، گریڈ 14میں کام کرنے والے پانچ سب انجینئر وں کو گریڈ 16میں ترقی دے دی ہے ۔