مریم نواز کی فیک ویڈیو بنانے، پھیلانے والے پانچ شرپسند گرفتار

11 Jan, 2025 | 11:22 PM

Waseem Azmet

سٹی42: پنجاب کی وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز کی فیک ویڈیو بنا کر سوشل پلیٹ فارمز پر پھیلانے کے جرم میں ملوث مزید شر پسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اب تک گرفتار کئے گئے شر پسندوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارہ  (ایف آئی اے)  وزیراعلیٰ  مریم نواز  کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کے دوران آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے بنائی گئی جعلی ویڈیو تیار کرنے اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کر چکا ہے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم نے یہ گرفتاریاں، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور ملتان سے کیں۔ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں اور تفتیش آگے بڑھ رہی ہے۔ ان شر پسندوں کے خلاف سائبر کرائم  قانون کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

 شاہد شریف کی شکایت پر فیصل آباد میں انکوائری نمبر 169 درج کی گئی تھی جس کے بعد ملزم شہزاد منور کے خلاف مقدمہ نمبر 7/24 درج کیا گیا۔  یہ شخص پاکستان کی غیر ملکی دوست شخصیات کے خلاف آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے تیار کردہ انتہائی تضحیک آمیز مواد شیئر کرنے میں ملوث ہے۔

انکوائری میں دوست اسلامی ملک کے ساتھ پاکستان کے سفارتی تعلقات کو کشیدہ کرنے کے لیے پاکستان کے معززین اور کارکنوں کی فیک ویڈیو بنانے اور پھیلانے  کا الزام ہے۔

 اے آئی کی مدد سے فیک مواد تیار کرنے کے عمل کی ٹیکنیکل رپورٹ حاصل کر لی گئی ہے۔

مزیدخبریں