لڑکیوں کو آج بھی تعلیم میں مشکلات درپیش، خواتین کے حقوق کو یقینی بنانا ہو گا: وزیراعظم

11 Jan, 2025 | 12:18 PM

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم ہر معاشرے میں بنیادی حق ہے، غریب ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی یقینی بنانا ہو گی۔

خواتین کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے دو روزہ عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شرکا کو عالمی کانفرنس میں شرکت پر خوش آمدید کہتے ہیں، ملالہ یوسفزئی بھی کانفرنس میں شریک ہیں، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں،شاہ سلمان،محمد بن سلمان کے کانفرنس میں تعاون پر شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر معاشرے میں تعلیم کا حصول بنیادی حق ہے، ارفع کریم سب کیلئے ایک مثال ہے،لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کا چیلنج درپیش ہے، ہمیں خواتین کے حقوق کو یقینی بنانا ہو گا۔

شہباز شریف نے شہید بینظیر بھٹو کی خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، مریم نواز پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب ہیں،خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں، لڑکیوں کو آج بھی تعلیم میں مشکلات درپیش ہیں، خواتین کو تعلیم کی فراہمی سے ہی معاشرہ ترقی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی موجودہ وقت میں بڑا چیلنج ہے لڑکیوں کو فنی تعلیم کے ہنر سے مالا مال کرنا ہو گا، دانش سکول سے تعلیم مکمل کرنیوالی طالبات آج سب کے سامنے روشن مثال ہیں، لڑکیوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے سے معاشرہ مضبوط، ترقی یافتہ ہوگا، طالبات اپنی قابلیت سے عالمی معیشت میں بھرپور کردار ادا کرسکتی ہیں۔

مزیدخبریں