ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے بھی سنگین الزامات کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سےرجوع کرلیا۔
اداکارہ مہوش حیات نے میجر (ر) عادل راجا کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سماعت کے دوران کہا کہ میرے خلاف سوشل میڈیا پر من گھڑت اور گھٹیا الزامات لگائے گئے۔ان کا کہنا ہے کہ جھوٹے الزامات لگانے والے ذہنی بیمار ہیں، چاہتی ہوں کہ انہیں سزا دی جائے۔اداکارہ نے بتایا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کیا مگر کارروائی نہیں ہو رہی۔وکیل خواجہ نوید احمد نے استدعا کی کہ سوشل میڈیا پر موجود مواد فوری ہٹایا جائے۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر یوٹیوبر اور وی لاگر میجر(ر) عادل راجا نے ملکی معروف اداکاراؤں اور ماڈلز پر سنگین نوعیت کے نازیبا الزامات عائد کئے تھے۔ان سنگین الزامات کے نتیجے میں اداکاراؤں نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔یاد رہے اس سے قبل اداکارہ کبریٰ خان نے بھی سندھ عدالت میں وی لاگر عادل راجا کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ یوٹیوبر نے من گھڑت الزامات سے میرے اور دیگر اداکاراؤں کے وقار کو مجروح کیا ہے۔
وکیل کبریٰ خان کا مؤقف تھا کہ ہتک آمیز مواد ہٹانے کیلئے ایف آئی اے اور پی ٹی اے سے رابطہ کیا گیا تھا۔جس کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے کبریٰ خان سمیت چاروں اداکاراؤں کے خلاف سوشل میڈیا پر نازیبا مواد بلاک کرنے کا حکم دے دیا تھا۔