لاہور کی 50 اہم شاہراہوں کی تعمیر و بحالی کا فیصلہ

11 Jan, 2023 | 02:51 PM

(درنایاب) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے  صوبائی دارالحکومت کی50 اہم شاہراہوں کی تعمیر و بحالی کا فیصلہ کرلیا، شہر کی400کلومیٹر طویل سٹرکوں کی مرمت ہوگی،حتمی منظوری وزیراعلیٰ سے لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے نے گورننگ باڈی سے منظوری کے لئے ایجنڈا تیار کرلیا ہے، لاہور کی 17 سے زائد رہائشی سکیمز کی سڑکیں شامل ہیں، ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے،گلبرگ،جوہر ٹاؤن،اقبال ٹاؤن،گجر پورہ،جوبلی ٹائون سمیت دیگر رہائشی سکیمزشامل ہیں۔ فیروز پور روڈ،ملتان روڈ،لاہور کینال سمیت میجر روڈ کی تعمیر و بحالی شامل ہے۔

ایل ڈی اے ڈویلپمنٹ سکروٹنی کمیٹی سے شاہراہوں کی بحالی کے منصوبے کی منظوری لے چکا ہے، ایل ڈی اے گورننگ باڈی سے منظوری کے لئے ورکنگ پیپر بھجوایا گیا ہے، ورکنگ پیپر چیف انجینئر ون اسرار سعید کی جانب سے بھجوایا گیا ہے۔

 دوسری جانب پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ڈویلپمنٹ کا ذمہ دار ایل ڈی اے  اپنی ہی سوسائٹی میں ڈویلپمنٹ بھول گیا، 13ہزار سے زائد متاثرین کو دسمبر 2022 کے بعد آخری بیلٹنگ کیلئے فروری2023 کی نئی تاریخ دے دی گئی۔

ایل ڈی اے سٹی کے فائل ہولڈرز کیلئے بیلٹنگ فروری 2023 کو ہوگی، ایل ڈی اے سٹی بجلی، گیس، سڑکوں کی بحالی کا کام ادھورا ہے، ایل ڈی اے سٹی کو رنگ روڈ سے ملانے کیلئے چناب روڈ بھی التواء کا شکار ہے، ایل ڈی اے سٹی منصوبہ 2012سے التواء کا شکار ہے، ایل ڈی اے سٹی منصوبے کیلئے 100 فیصد اراضی بھی ایکوائر نہیں کی جا سکی۔

مزیدخبریں