ویب ڈیسک:سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کورونا سےپہلے کا حج کوٹہ بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمرہ ویزا کی معیاد بھی 30 دن سے بڑھا کر 90 دن کر دی گئی۔
ڈاکٹر توفیق الربیع نے ایک بیان میں کہا رواں سال حج کیلیے عازمین کی تعداد پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر توفیق الربیع نے حج کے لیے عمر کی حد بھی ختم کرنے کا اعلان کیا۔
ڈاکٹر توفیق الربیع نے بتایا کہ عمرہ کی جامع انشورنس فیس 235 ریال سے کم کر کے 88 ریال اور حاجیوں کیلیے انشورنس فیس کو 109 ریال سے کم کر کے 29 ریال کر دیا گیا۔ عمرہ ویزا رکھنے والے اب پوری مملکت میں گھوم سکتے ہیں، دیگر تمام ویزوں کے حامل افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت ہے، عمرہ کے ویزے کی مدت میں بھی 30 دن سے بڑھا کر 90 دن تک کر دی گئی، نسک پلیٹ فارم کا آغاز کرتے ہوئے الیکٹرانک طور پر چوبیس گھنٹے سے کم وقت میں ویزا کے اجراء کی اجازت دے دی گئی۔
گزشتہ روز عازمین حج کیلئےپاکستانیوں کا پرانا حج کوٹہ بحال کردیا گیاتھا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سعودی عرب کی دعوت پر 4 روزہ عالمی حج کانفرنس میں شرکت کیلئے جدہ پہنچے جہاں انہوں نے سعودی ہم منصب ڈاکٹر توفیق بن الربیعہ سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور اداروں کا دورہ کیا۔
وزارت مذہبی امور کا اپنے اعلامیے میں کہنا ہے کہ سعودی حکام کی جانب سے وزیر مذہبی امور کو سالانہ حج معاہدے کا مسودہ موصول ہوگیا جس کے تحت پاکستان کا ایک لاکھ 79 ہزار 210 حجاج کا پرانا کوٹہ بحال جبکہ 65 سال کی بالائی حد کو بھی ختم کردی گئی ہے۔