ویب ڈیسک:برطانیہ کے شاہی گھرانے پر الزامات سے بھری شہزادہ ہیری کی کتاب منظر عام پر آتے ہی اسکی غیر معمولی فروخت جاری ہے۔
کتاب میں شہزادہ ہیری نے اپنے ولی عہد بھائی شہزادہ ولیم، انکی اہلیہ کیٹ مڈلٹن اور سوتیلی ماں کمیلا پارکر کیخلاف دل کے پھپھولے پھوڑ دیے ہیں۔کتاب میں شہزادہ ہیری نے لکھا کہ انہیں پیدا ہی اسلیے کیا گیا تھا کہ وہ ولی عہد بھائی شہزادہ ولیم کو ٹرانسپلانٹ یا خون یا اعضاء کی ضرورت ہو تو وہ عطیہ کریں۔
شہزادہ ہیری نے کتاب میں منشیات کے استعمال، بڑی عمر کی خاتون سے جنسی تعلق، اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے درمیان نند بھاوج والی لڑائیوں پر بے باگ باتیں لکھی ہیں۔
کتاب میں شہزادہ ہیری نے اپنے بھائی شہزادہ ولیم سے جھگڑوں پر بھی کہی ان کہی سب بتادی ہیں، اپنی سوتیلی ماں کمیلا پارکر کی دل کھول کر برائیاں بھی کی ہیں۔تجزیہ کاروں اور برطانیہ کے شاہی خاندان پر کتابیں لکھنے والے مورخیں کا دعویٰ ہے کہ شہزادہ ہیری نے چیزوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق تہلکہ خیز الزامات کے باوجود بادشاہ چارلس کی رسم تاجپوشی کی تقریب میں شہزادہ ہیری کو دعوت دی جائے گی تاہم شہزادہ ہیری کے شرکت نہ کرنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی شہزادے ہیری کی کتاب اسپیئر دنیا بھر میں شائع کر دی گئی ہے۔ لندن سے خبر ایجنسی کے مطابق شہزادہ ہیری نے کتاب میں شاہی خاندان سے اپنے تلخ تعلقات کا ذکر کیاگیاہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق شہزادہ ہیری کی سوانح حیات اسپیئر ان کی شاہی زندگی سے متعلق یادداشتوں پر مبنی ہے۔ یہ کتاب برطانیہ کی سب سے تیزی سے بکنے والی نان فکشن کتاب بن گئی۔ برطانیہ میں اشاعت کے پہلے ہی روز کتاب کی 4 لاکھ کاپیاں فروخت ہوگئیں۔