پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج ،موٹرویز  ٹریفک کیلئے بند

11 Jan, 2023 | 09:15 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج جاری ہے، حدنگاہ متاثر ہونے کے باعث مختلف مقامات سے موٹرویز  ٹریفک کیلئے بندکردی گئی ہیں۔

موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث ایم 2 لاہور، اسلام آباد موٹروے  ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک اور  پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹروے ایم 3 درخانہ سے فیض پور تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔

موٹر وے پولیس کے مطابق فیصل آباد ملتان موٹروے ایم 4 عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک اور  سکھرملتان موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے اوچ شریف جبکہ سیالکوٹ، لاہور موٹروے ایم 11 کالا شاہ کاکو سے سمبڑیال تک ٹریفک کیلئے بند کی گئی ہیں۔دوسری جانب ٹریفک پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ناگزیر صورتحال میں سفر سے پہلے راستہ ایپ سے معلومات حاصل کریں۔

 اُدھروادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں رات گئے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، آئندہ دو روز کے دوران صوبے کے 13 اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

کوئٹہ اور گرد و نواح میں سہہ پہر سے بادل چھانے شروع ہوگئے تھے جس کے بعد رات گئے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔بارش کے شروع ہوتے ہی سرد ہوا چلنے سے موسم بھی سرد ہوگیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے داخل ہونے سے گیارہ سے تیرہ جنوری تک بلوچستان کے 13 اضلاع کوئٹہ، ژوب، بارکھان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین، قلات مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللّٰہ، قلعہ عبداللّٰہ، چمن، پشین اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے جس کے بعد ان علاقوں میں درجۂ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔

مزیدخبریں