(شاہد ندیم سپرا)لیسکو نے صارفین پر بڑی پابندی عائد کر دی، پابندی گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کیلئے لگائی گئی ہے
تفصیلات کے مطابق لیسکو نے بجلی کے بلوں کی اقساط پر ایک بار پھر پابندی عائد کر دی، ایک ماہ کے بلز کی قسط نہیں ہو گی جبکہ دو ماہ اقساط میں جمع ہونیوالے بلز پر کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
لیسکو نے وزارت پاور ڈویژن کے مقررہ اہداف پر ریکوری کرنے کیلئے اقساط بند کی ہیں، مذکورہ اہداف پر کمپنی کے انجینئرز نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دستخط کرنے سے انکار کیا تھا، آپریشن ونگ کے ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز نے مقررہ اہداف کے حصول کو ناممکن قرار دیکر ایگریمنٹ کرنے سے بھی انکار کیا، تاہم اس کے باوجود ایک ماہ کے حامل بلوں پر بھی اقساط کی سہولت ختم کر دی گئی جبکہ دو یا تین ماہ سے زائد عرصہ تک اقساط میں جمع بلز پر کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اقساط کی صورت میں ادائیگیوں سے ریکوری کے اہداف حاصل کرنا ناممکن ہیں، اس لئے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کیلئے پابندی لگائی گئی ہے، کمپنی کے تمام دفاتر میں اقساط پر پابندی کے فیصلے کا اطلاق ہوگا۔