سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سینیٹ رکنیت بحال

11 Jan, 2022 | 12:01 PM

Ibrar Ahmad

ویب ڈیسک : الیکشن کمشن آف پاکستان نے مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت بحال کر دی ہے۔

الیکشن کمشن کی طرف سے پیر کو جاری ہونے والے ایک نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے 21دسمبر 2021 کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے 29 جون 2018 اور 9 مارچ 2018 کے اپنے نوٹیفیکشن واپس لیتے ہوئے محمد اسحٰق ڈار کی رکنیت بحال کرتا ہے۔

الیکشن کمشن نے اپنے ان نوٹسوں میں اسحاق ڈار کے سینیٹ کے رکن منتخب ہونے کا نوٹیفیکشن واپس لیا تھا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی کے نوازش پیرزادہ نے ایپیکس کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ اسحاق ڈار کو سینیٹ کا الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔

فروری 2017 میں لاہور ہائی کورٹ کے ایپلٹ الیکشن ٹریبیونل نے نواز لیگ کے راہنما اسحاق ڈار کو اجازت دی تھی کہ وہ سینیٹ کا الیکشن لڑ سکتے ہیں۔ ٹریبیونل نے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے سابق وزیر خزانہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا تھا۔

اسحاق ڈار اس کے بعد سینیٹر منتخب ہو گئے۔ تاہم، انہوں نے تاحال اپنے عہدے کا حلف نہیں اٹھایا ہے۔ اکتوبر 2017 سے علاج کرانے کے دعوے کے ساتھ برطانیہ میں موجود ہیں۔ پاکستان کے قومی احتساب بیورو نے ان کو بدعنوانی کے مقدمات میں پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔

مزیدخبریں