(یاور ذوالفقار) لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے حامیوں کا ہوائی فائرنگ کرکے جشن منایا جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ کے جی اے خان طارق کامیاب ہوئے، کامیابی کے بعد منتخب نمائندوں کے حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ کر کے جشن منایا،وکلا وقفے وقفے سے اندھا دھند فائرنگ کرتے رہے ،کسی نے پسٹل سے فائرنگ کی تو کسی نے رائفل سے، مگر پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔
وکلا کے ساتھ ساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس کامیاب امیدواروں کے حامی بھی کسی سے کم نہ رہے اور دل کھول کر فائرنگ کرتے رہے، پولیس کی جانب سے ایوان عدل کے باہر فائرنگ کرنے والے کسی بھی شخص کو گرفتار نہ کیا جاسکا، فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے دو گھنٹے تک جاری رہا۔
قانون کے رکھوالے ہی قانون کو ہاتھ میں لیتے رہےجبکہ سینئر وکلا ینگ وکلا کو فائرنگ کرنے سے روکتے ہوئے بھی نظر آئے، تاہم سینئر وکلا بھی ینگ وکلا کے سامنے بے بس نظر آئے اور مکمل طور پر ناکام ہوگئے۔