(فہد بھٹی)دھرمپورہ کے علاقے میں دن دیہاڑے دو ڈاکوؤں نے شہری کو یرغمال بنا کر دو لاکھ سے زائد نقدی لوٹ لی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی،متاثرہ شہری کا کہنا ہے پولیس کی جانب سے کیس کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
شہر میں ڈاکو راج جبکہ پولیس جرائم کے خاتمے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے،رات تو رات اب دن میں بھی شہری ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر ہیں، دھرمپورہ کے علاقے میں بزرگ شہری جاوید اقبال کے ساتھ چند روز قبل ڈکیتی کی وارادت ہوئی جس میں دو موٹر سائیکل سوار ڈاکو شہری سے دو لاکھ پندرہ ہزار نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے،واقع کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آچکی ہے، فوٹیج میں ڈاکوؤں کو شہری کے ساتھ لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شہری کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے گن پوائنٹ کی بجائے جھپٹا مار کر واردات ہونے پر زور دیا جارہا ہے،عینی شاہد کا کہنا تھا کہ شور کی آواز سن کر وہ اپنے گھر سے باہر آیا تو دیکھا کہ دو ڈاکو جنہوں نے اپنے منہ ڈھانپ رکھے تھے، جاوید اقبال نامی بزرگ پر پستول تان کر کھڑے تھے۔
پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع تو کر دی گئی ہے مگر تاحال ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے،متاثرہ شہری نے مطالبہ کیا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر کے اسکی چوری شدہ رقم برآمد کروائی جائے۔