(ملک اشرف) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیلنج کر دیا گیا، عدالت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اقدام کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف مقامی وکیل محمد آصف کیجانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی گئی، درخواست میں وفاقی حکومت، اوگرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بین الاقوامی سطح پر کم مگر پاکستان میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی مد میں سالانہ لیوی اورسیلز ٹیکس الگ الگ لیےجا رہےہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنا اوگرا کا کام ہے، جبکہ اوگرا نے اپنا کام کمپنیوں کے حوالے کر رکھا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اقدام کالعدم قرار دے، ملک بھر میں تمام مصنوعات واشیاء کی قیمتوں کے تعین کے لیے فیڈرل ٹریڈ کمیشن مقرر کیا جائے۔