شاہدندیم: لیسکو نے شہر بھر میں184 مقامات پر بجلی کی لٹکتی اور بے ہنگم تاروں کو سلجھا دیا۔ لیسکو چیف واجد علی کاظمی نے کہا کہ کرنٹ لگنے کے واقعات سے بچاؤ کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی فیلڈ فارمیشن نے شہر بھر میں 184مقامات پر موجود بجلی کی بے ہنگم تاروں کو درست کردیا۔ بے ہنگم تاریں نہ صرف لیسکو کے اپنے لائن سٹاف بلکہ پبلک کی جان و مال کے لیے بھی مستقل خطرہ تھیں۔
ذرائع کے مطابق لیسکوحکام ، ڈی سی آفس اور میئر لاہور کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں شہر بھر سے 14 سڑکوں پر 190 مقامات کی نشاندھی کی گئی۔ جہاں کھمبوں سے لٹکتی ہوئی تاروں کے باعث انسانی جان و مال کو نقصان پہنچ رہا تھا۔
فیروز پور روڈ پر الیکٹریکل ہیزرڈذ کی مد میں83 پوائنٹس، مولانا شوکت علی روڈ پر 27 پوائنٹس، مال روڈ 25پوائنٹس ، لٹن روڈ 14پوائنٹس، کوئینز روڈ14پوائنٹس، سرکلر روڈ 7پوائنٹس، برکت مارکیٹ سے جناح ہسپتال6پوائنٹس، جیل روڈ 3پوائنٹس، ماڈل ٹاون لنک روڈ 3پوائنٹس، علی زیب روڈ2پوائنٹس، ایم ایم عالم روڈ2پوائنٹس، علامہ اقبال روڈ2پوائنٹس، مین بلیوارڈ گلبرگ روڈ 1 پوائنٹ جبکہ راوی روڈ پر 1 پوائنٹ کی نشاندھی کے بعد لیسکو فیلڈ فارمیشن نے انتہائی کم وقت میں184پوائنٹس پر لٹکتی ہوئی تاریں نہ صرف درست کی ہیں۔
لیسکو کے کھمبوں پر موجود کیبل اور کمیونیکیشنز کی تاروں کو ہٹانے کے لئے تمام متعلقہ اداروں سے مذاکرات بھی کئے۔ کیبل اورکمیونیکیشنز نیٹ ورکس پہلے فیز میں لیسکو کے کھمبوں پر موجود اپنی تاروں کی عارضی بائنڈنگ اور کلپنگ کریں گی۔ جس کے بعد دوسرے فیز میں تمام تاروں کو انڈرگراونڈ کیا جائے گا۔