سٹی42: این اے 151 سے ہارنے والی آزاد امیدوار مہر بانو قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں 8 فروری کے انتخابات میں خارج ہونے والے ووٹوں کی سب سے زیادہ تعداد ملتان میں ہے۔ ہمارے مطابق خارج ووٹ کی تعداد 4 ہزار کے قریب ہے ۔ امید ہے الیکشن کمیشن اس تمام تر صورتحال پر نظر ثانی کرے گا۔
مہر بانو قریشی نے اپنے گروپ کے این اے 148 سےہارنے والے امیدوار تیمور مہے ملک کے ساتھ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فارم 45 کو ڈیٹا بیس میں ڈالتے وقت آر او آفس کی جانب سے غلطی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر او کو کل درخواست دی تھی کہ دوبارہ گنتی کی جائے۔ ہمارے مطابق مسترد ووٹوں کی تعداد 4 ہزار کے قریب ہے، فارم 45 اور فارم 47 میں کوئی تضاد نہیں ہوسکتا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان فارم 45 اپنی ویب سائٹ پر ڈال دے۔ زین قریشی کا حتمی نتیجہ اب تک نہیں دیا گیا۔
آزاد امیدوار تیمور ملک نے مزید کہا کہ کل 11 گھنٹے آر او آفس میں رہا، ہمارے ساتھ دھاندلی کی گئی ہے۔ میری دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کردی گئی ۔
تیمور ملک نے بتایا کہ میرے کیس میں تو درخواست ہائیکورٹ میں دائر کردی گئی ہے ۔انصاف میں تھوڑی سی دیر ہوسکتی ہے لیکن اندھیر نہیں ہوسکتی ۔ یوسف رضا گیلانی اپنی سینٹ کی سیٹ سے بھی محروم ہو گئے اور یہ سیٹ بھی ان کے پاس نہیں رہے گی۔