قومی اسمبلی اور پنجاب میں مسلم لیگ ن واحد اکثریتی پارٹی ہے، عظمیٰ بخاری

11 Feb, 2024 | 01:11 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آزاد امیدواروں کو پارٹی نہیں کہا جاسکتا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سو فیصد رزلٹ آئے تو انہوں نے دھاندلی کا شور مچا دیا، جہاں جہاں یہ ہارے وہاں نیا طریقۂ کار شروع کیا گیا ہے، اس کی ابتدا کی ہے سلمان اکرم راجہ نے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ الیکشن ٹربیونلز کے اندر ہر امیدوار کو ثبوت دینے ہوتے ہیں، جسے اعتراض ہے الیکشن ٹربیونل جا کر بات کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ذمےدار پارٹی ہے، ہم جھوٹ اور فساد پر یقین نہیں رکھتے، پنجاب میں مسلم لیگ ن واحد اکثریتی پارٹی ہے، مسلم لیگ ن بغیر سپورٹ تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بھی مسلم لیگ ن اکثریتی پارٹی ہے، نواز شریف نے شہباز شریف کے ذمے لگایا ہے وہ پارٹیز سے بات کر رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ایک شخص اور ایک فتنے کے لیے پاکستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، قانون ہاتھ میں لینا اور دوبارہ سے فتنہ فساد کی کوشش قبول نہیں کی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کو مستحکم کرنے اور آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا، شہباز شریف کی سربراہی میں ن لیگ کی کمیٹی کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس وقت بیٹھی ہیں اور بات کر رہی ہیں۔

مزیدخبریں